شام کے امن مذاکرات کا نیا دور تیرہ اپریل کو ہو گا
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ شام کے امن مذاکرات کا نیا دور تیرہ اپریل سے جنیوا میں شروع ہو گا۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا نے جمعرات کے روز جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شام میں تیرہ اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے باوجود جنیوا مذاکرات اپنی مقررہ تاریخ پر اسی روز جنیوا میں شروع ہوں گے۔
ڈی میسٹورا نے کہا کہ توقع ہے کہ شامی مخالفین کا وفد گیارہ اور بارہ اپریل کو جنیوا پہنچ جائے گا۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے مزید کہا کہ دمشق کا وفد چودہ اور پندرہ اپریل کو جنیوا پہنچے گا، کیونکہ شامی حکومت تیرہ اپریل کو پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کرے گی اور شام کے مذاکراتی وفد کے پانچ ارکان ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
ڈی میسٹورا نے اسی طرح اس بات پر زور دیا کہ وہ بحران شام کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے سلسلے میں شام اور ایران کا دورہ کریں گے۔