امن مذاکرات کی ناکامی کی بابت روس کا انتباہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i222226-امن_مذاکرات_کی_ناکامی_کی_بابت_روس_کا_انتباہ
روس نے شام کے بارے میں جنیوا مذاکرات کی ناکامی کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۲ Asia/Tehran
  • امن مذاکرات کی ناکامی کی بابت روس کا انتباہ

روس نے شام کے بارے میں جنیوا مذاکرات کی ناکامی کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔

روسی صدر کے ترجمان دی متری پسکوف نے کہا ہے کہ جنیوا میں جاری امن مذاکرات کی صورت حال خوش آئند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔

روسی صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شام میں انسانی امداد کی فراہمی میں پیش آنے والی مشکلات بھی جنیوا مذاکرات کے ماحول پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے۔

اس سے پہلے روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے صوبہ حلب میں دہشت گردوں کے حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اور شام مخالفین، جنیوا میں جاری امن مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکہ نے شام کی حکومت کا تختہ الٹنے کی غرض سے اپنے مغربی اور عرب اتحادیوں کی مدد سے پانچ سال تک دہشت گردو ں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کے بعد جنگ بندی اور شامی دھڑوں کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کی روسی تجویز سے اتفاق کر لیا تھا۔

شام میں ستائیس فروری سے جنگ بندی پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے، تاہم داعش، جبہۃ النصرہ اور احرار الشام جیسے دہشت گرد گروہوں پر جنگ بندی کا اطلاق نہیں ہوتا اور ان کے خلاف شامی فوج کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔