چین امریکا کشیدگی میں اضافہ
پنٹاگون نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ چین کے دو جنگی طیاروں نے امریکا کے ایک جاسوس طیارے کا پیچھا کیا تھا۔
ایک ایسے وقت میں کہ جب بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر امریکا اور چین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں، پنٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ چین کے دو جنگی طیاروں نے امریکا کے ایک جاسوس طیارے کا پیچھا کیا ہے-
پنٹاگون نے اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ یہ واقعہ بین الاقوامی فضائی حدود میں پیش آیا- پنٹاگون کا کہنا ہے کہ اس کا طیارہ ایک معمول کی پرواز پر تھا-
ایک ہفتے قبل بھی چین کے جنگی طیاروں نے بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ جزیروں کے قریب امریکی بحریہ کے ایک بحری جنگی جہاز کا پیچھا کیا تھا -
یادرہے کہ امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں شدت آنے کے موقع پر ہی امریکی صدر باراک اوباما اکیس سے اٹھائیس مئی تک ایشیائی ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں- باراک اوباما اپنے اس دورے میں جاپان میں گروپ سات کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ دیگر ملکوں منجملہ ویتنام کا بھی دورہ کریں گے۔