May ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • جاپان میں امریکی فوجی اڈوں کے خلاف مظاہرہ

جاپان میں امریکی فوجیوں کے خلاف احتجاج میں شدت پید ا ہو گئی ہے اور جاپانی عوام امریکی فوجی اڈہ بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایک سابق امریکی فوجی کے ہاتھوں جاپانی خاتون کی عصمت دری اور قتل کے واقعے پر مشتعل جاپانی شہری جزیرہ اوکی ناوا کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے اس شہر میں قائم امریکی فوجی اڈہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین ، امریکی فوجی عصمت کے لٹیرے اور انسانیت کے قاتل ہیں جیسے نعرے بھی لگا رہے تھے۔

اس سے پہلے جاپان کی وزارت خارجہ نے ٹوکیو میں امریکی سفیر کو طلب کرکے سابق امریکی فوجی کے ہاتھوں جاپانی خاتون کی عصمت دری اور قتل کے واقعے پر سخت احتجاج کیا تھا۔ جزیرہ اوکیناوا میں جاپانی خواتین کے خلاف امریکی فوجیوں کے مجرمانہ اقدامات کا معاملہ ٹوکیو واشنگٹن تعلقات میں سخت کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔

تین ماہ پہلے بھی ایک امریکی فوجی نے چالیس سالہ جاپانی خاتون کی عصمت دری کی تھی جس کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔

جاپان میں نصف صدی سے زیادہ عرصے سے قائم امریکی فوجی اڈوں میں تعینات امریکی فوجیوں کے ہاتھوں جاپانی لڑکیوں اور خواتین کی عصمت دری کے لاتعداد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔