روس کی جانب سے عراق کو مزید ہیلی کاپٹر فراہم
روس نے عراق کے ساتھ فوجی معاہدوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسے مزید دو فوجی ہیلی کاپٹر فراہم کر دیے ہیں۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کے لیے عراق کو ہتھیاروں کی فراہمی میں امریکہ کی جانب سے مشکلات کھڑی کیے جانے کے باوجود روس نے منگل کے روز دو MI-28 جنگی ہیلی کاپٹر عراق کے حوالے کر دیے ہیں۔
عراقی وزارت دفاع کے میڈیا ایڈوائزر نصیر نوری نے کہا ہے کہ ان دو ہیلی کاپٹروں کے ملنے سے روس کی جانب سے عراق کو فراہم کیے جانے والے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی تعداد تیرہ ہو گئی ہے اور مزید دو ہیلی کاپٹر رواں سال کے آخر تک عراق کو مل جائیں گے۔
ان ہیلی کاپٹروں کو دہشت گرد گروہوں خاص طور پر داعش کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کیا جائے گا۔
امریکہ ایک ایسے وقت میں عراق کو ہتھیاروں کی فراہمی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے کہ جب شام اورعراق میں داعش کے دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جدید امریکی اور یورپی ہتھیار نظر آتے ہیں اور کئی ایسی رپورٹیں منظرعام پرآئی ہیں کہ امریکہ نے شام اورعراق میں داعش کے دہشت گردوں کے لیے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہتھیار اور فوجی سازوسامان گرایا ہے۔