دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ہو گی: فرانسیسی صدر
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ہو گی۔
فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے ساحلی شہر نیس میں جہاں دہشت گردی کے تازہ واقعے میں اسّی سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ہو گی کیونکہ دشمن اپنے حملے کو جاری رکھے ہوئے ہے- ان کا کہنا تھا کہ فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری طرح ہوشیاری سے کام لے گا -
فرانسیسی صدر نے کہا کہ جمعرات کو نیس میں دہشت گردانہ حملے میں جو افراد زخمی ہوئے ہیں ان میں سے پچاس کی حالت تشویشناک ہے- فرانسیسی صدر نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں جو لوگ ہلاک ہوئے ہیں ان میں خاصی تعداد بچوں اور غیر فرانسیسی شہریوں کی ہے-
بعض مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کانام الحوائج بوہلال تھا جو نیس شہر میں ہی رہتا تھا- فرانسیسی سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے-
جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات ایک ٹرک ڈرائیور نے اپنا ٹرک فرانس کے قومی دن کی تقریبات میں شریک لوگوں پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں اسّی سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ ٹرک کم سے کم دو کلومیٹر تک بھیڑ کو روندتا رہا-