سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ
عالمی امدادی ادارے آکسفام نے برطانیہ کی جانب سے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
آکسفام کے جاری کردہ بیان میں برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان اسحلے کی فروخت کے معاہدے کو اسلحے کی عالمی تجارت کے قانون اور ضابطوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کے نتیجے میں جنگ یمن اور اس ملک کی بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آکسفام کے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی عرب اور برطانوی اسلحے کی فروخت قومی، علاقائی اور عالمی منشور کے بھی منافی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن کے اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی آبادیوں کو اسی اسلحے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حکومت برطانیہ، یمن پر سعودی حملوں کے باوجود اسے مختلف طرح کے ہتھیار فروخت کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت برطانیہ نے اسلحے کی فروخت پر نگرانی کے حوالے سے پارلیمنٹ کو دھوکہ دیا ہے جس کے نتیجے میں برطانیہ کی عالمی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ آکسفام نے حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو اسحلے کی فروخت کے تمام لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دے۔