Oct ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • جہاد اسلامی کے سیاسی منصوبے کا حماس کی جانب سے خیر مقدم

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینیوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے جہاد اسلامی کی جانب سے اعلان کئے گئے دس نکاتی منصوبے کا خیرمقدم کیاہے-

حماس نے اپنے بیان میں فلسطین کی جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کی جانب سے جاری کردہ منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کی صورتحال کو پہلے سے بھی زیادہ بہتر بنائےگا -

حماس نے سبھی فلسطینی گروہوں سے کہا ہے کہ وہ جہاد اسلامی کے منصوبے کی حمایت کریں - جہاد اسلامی فلسطین کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح نے اپنی تنظیم کی تشکیل کی انتیسویں سالگرہ کے موقع پر فلسطیینوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ایک سیاسی منصوبے کا اعلان کیا -

رمضان عبداللہ نے اس منصوبے میں، فلسطین پر مسلط کئے گئے بحران سے نکلنے کے طریقوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لئے اسلو معاہدے ، عرب امن فارمولے اور صیہونی حکومت کو تسلیم کرنے جیسے معاہدوں کو کالعدم قراردینا ہوگا -

جہاد اسلامی کے منصوبے میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور غزہ کے علاقوں میں مختلف گروہوں کے درمیان علاقوں کی تقسیم اور خود فلسطینی گروہوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنا ہوگا اور صیہونی حکومت کے اعلی عہدیداروں کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمہ چلانا ہوگا -