نتن یاہو کو ٹرمپ کی دعوت
امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسرائیل نوازی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے نتن یاہو کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
اپنی کامیابی کے اعلان کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انھیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ اسرائیل کی حمایت میں امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو نے بھی ٹرمپ کی کامیابی پرایک بیان میں انھیں اسرائیل کا بہترین دوست قرار دیا۔
اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران دونوں صدارتی امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو سے ملاقات میں اسرائیل کی حمایت پر تاکید کی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں اس بات کا یقین بھی دلایا تھا کہ صدارتی انتخابات میں اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تووہ بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرلیں گے۔ جبکہ ان کے اس بیان پر فلسطین سمیت عالمی سطح پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔