اسپین میں نئی پارلیمنٹ کا افتتاح
اسپین میں دس مہینے کے سیاسی تعطل کے بعد دسویں پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوگیا ہے -
اسپین کی نئی پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے اسپین کے بادشاہ فلیپ ششم نے ملک کی سبھی سیاسی جماعتوں کو اتحاد و مفاہمت اور قومی آشتی کے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ اخلاقی اقدار اسپین کے عوام کی زندگی کا حصہ ہونا چاہیئں - اسپین کے بادشاہ نے کہا کہ عوام کے حق میں جو ناانصافی کی جارہی ہے اور ملک میں جس طرح سے بدعنوانیوں کا دور دورہ ہے اس کو دیکھتے ہوئے اسپین کے بہتر مستقبل کی امید نہیں کی جاسکتی - واضح رہے کہ پچھلے دس مہینے میں اسپین میں دو بار عام انتخابات ہوئے لیکن کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں مل سکی - قدامت پسند پیپلزپارٹی کے سربراہ ماریانو راخوی کے لئے ایک اقلیتی حکومت تشکیل دینے کا راستہ اس وقت ہموار ہوگیا جب سوشلیسٹ پارٹی نے انتخابات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور سرانجام چار نومبر کو ماریانو راخوی نے نئی کابینہ تشکیل دی -