یونانی عوام کا امریکہ مخالف مظاہرہ
ہزاروں یونانی باشندوں نے یونان کے مختلف شہروں میں امریکہ مخالف مظاہرہ کیا -
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق تقریبا اٹھارہ ہزار یونانی باشندوں نے امریکہ مخالف طلبا تحریک کی تینتالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایتھنز میں امریکی سفارتخانے کی جانب پیدل مارچ کیا -
مظاہرین نے امریکہ مخالف نعرے لگائے اور امریکہ کو آمرانہ نظام کا حامی اور یونان کے طلبا کا قاتل قرار دیا - یونانی مظاہرین نے اسی طرح دیگر ملکوں کے خلاف امریکہ کی فوجی مہم جوئی ، اور مداخلتیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا -
ایتھنز کی پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے باہر طلبا کا احتجاج اس وقت تشدد کی صورت اختیار کرگیا جب سکیورٹی اہلکاروں نے جلوس کو روکنے کی کوشش کی۔ جب پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے تو مظاہرین نے بھی جواب میں پولیس پر پتھر برسائے- پولیس کے مطابق چالیس کے قریب مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے-
اس رپورٹ کے مطابق تسالونیکی شہر کے عوام نے امریکی قونصل خانے کے سامنے امریکی پرچم نذر آتش کیا ہے-
واضح رہے کہ انیس سو تہتر میں پورے یونان میں عوام نے فوجی آمریت کے خلاف ، کہ جسے مکمل طور پر امریکہ کی حمایت حاصل تھی، وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے تھے اوراسی سال سترہ نومبر کو ڈکٹیٹر حکومت کے حکم پر طلبا کا قتل عام کرنے کے لئے فوجی ٹینک، پولی ٹیکنیک یونیورسٹی میں داخل ہوگئے تھے اور بہت سے طلبا کا قتل عام کردیا تھا -
پولی ٹکنیک یونیورسٹی میں طلبا کے قتل عام کے باعث عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے جو آخرکار انیس سوچوہتر میں اس ڈکٹیر حکومت کی سرنگونی کا باعث بنے-