امریکا کے صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i259381-امریکا_کے_صدارتی_انتخابات_میں_ووٹوں_کی_دوبارہ_گنتی_کا_مطالبہ
امریکا میں گرین پارٹی نے ملک کی تین اہم ریاستوں میں صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکا کے صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ

امریکا میں گرین پارٹی نے ملک کی تین اہم ریاستوں میں صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے -

امریکا کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار جیل اسٹائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا میں ایک تکلیف دہ اور تفرقہ انگیز انتخابی مہم کے بعد ایسی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں کہ گرین پارٹی کے ووٹروں کی سائٹوں اور خود پارٹی کی سائٹ ، نیز ذاتی ایمیل کو ہیک کرلیا گیا ہے -

بیان میں کہاگیا ہے کہ اس صورتحال کے نتیجے میں بہت سے امریکی  شہریوں کا صدارتی انتخابات کے شفاف ہونے کے تعلق سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور وہ صدارتی انتخابات کے نتائج کو شک و شبہے کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں - امریکا کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کی امیدوار جیل اسٹائن نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ تین اہم ریاستوں ویسکانسین ، میشیگن اور پینسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائیں -

واضح رہے کہ ان تین ریاستوں میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے ہیں اور ان ہی تینوں ریاستوں کے نتائج نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے - نیویارک میگزین نے بھی خبردی ہے کہ انتخابی عمل پر نظر رکھنےوالے ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ان تین ریاستوں کے نتائج مشکوک ہیں اور وہ ڈیموکریٹس امیدوار ہیلری کلنٹن کو اس بات پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ بھی ان تینوں ریاستوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کریں - ایک طرف جہاں گرین پارٹی کی امیدوار نے مذکورہ تینوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ کردیا ہے وہیں اب ہیلری کلنٹن کے حامی بھی ایسے مطالبے کے بارے میں سوچنے لگے ہیں-