اقوام متحدہ، اسرائیل کی انتقامی سیاست پرتنقید
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i285080-اقوام_متحدہ_اسرائیل_کی_انتقامی_سیاست_پرتنقید
اقوام متحدہ نے فلسطین کے خلاف اسرائیل کی انتقامی سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں سے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۳:۵۴ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ، اسرائیل کی انتقامی سیاست پرتنقید

اقوام متحدہ نے فلسطین کے خلاف اسرائیل کی انتقامی سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں سے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور دوسرے شہروں پر صیہونی حکومت کے 50 سال سے قائم ناجائز تسلط اور مقامی فلسطینی باشندوں کے خلاف انتقامی پالیسیوں پر شدید تنقید کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے عہدیدار ڈیوڈ کارڈن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بیت المقدس اور دوسرے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں فلسطینی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ تشدد، جبری شہر بدری، مکانات کی مسماری، بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹیں، باعزت زندگی گزارنے سے محروم کرنے کی اسرائیلی پالیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار ہوتی ہے۔

کارڈن کی طرف سے یہ رپورٹ بیت المقدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس غاصب صیہونی حکومت نے 759 بچوں سمیت 1601 فلسطینیوں کو بے گھرکیا۔ فلسطینیوں کی 300 املاک پر غیرقانونی طور پرقبضہ کیا گیا۔ دسمبر 2016 کے دوران غرب اردن میں فلسطینی شہریوں کی نقل وحرکت پر 572 بارپابندیاں لگائی گئیں اور غزہ پر گزشتہ 10سال سے مسلط ناکہ بندی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق 2016 کے دوران پابندیوں کے نتیجے میں غیرملکی امدادی اداروں کے کارکنوں کی غزہ آمد ورفت میں مشکلات پیدا ہوئیں۔