امریکی جنگی جہاز کے7 ارکان لاپتہ
جاپان کے ساحل کے قریب امریکا کے جنگی بحری جہاز کے ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے 7 ارکان لاپتہ جبکہ کپتان سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
امریکی بحریہ کا تباہ کن جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ ہفتہ کو جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56ناٹیکل میل یعنی 103کلومیٹر دور اے سی ایکس کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے مقامی وقت کے مطابق صبح ڈھائی بجے ٹکرا گیاجس سے تباہ کن جنگی جہاز کے دائیں حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا ہے کہ کمانڈنگ افسر کے ساتھ دو دیگر زخمیوں کوعلاج کے لیے ہیلی کاپٹر سے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
ابھی تک امریکی جنگی جہاز کے کنٹینر جہاز سے ٹکرانے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا تاہم امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے 3 کمپارٹمنٹس میں پانی بھر گیا۔
رپورٹ کے مطابق جہاز میں 200 سے زائد سیلرز سوار تھے اور جس وقت حادثہ پیش آیا، ان میں سے زیادہ تر سو رہے تھے۔
جاپان کوسٹ گارڈ کے ایک عہدیدار یوتاکا سیتو کے مطابق جس جگہ حادثہ پیش آیا، وہاں عموماً سمندری ٹریفک زیادہ ہوتا ہے۔
جاپان کوسٹ گارڈ کے ترجمان یوشی ہیتو ناکامورا نے بتایا کہ ریسکیو اہلکار لاپتہ ارکان کی تلاش میں مصروف ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ یا تو سمندر میں گرگئے یا پھر تباہ شدہ جہاز میں پھنسے ہوئے ہیں۔