Feb ۱۲, ۲۰۲۶ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں ایران کے اسلامی انقلاب کی شاندار کامیابی کی سینتالیسویں سالگرہ کا جشن منایا گيا۔ اسلام آباد میں منقعدہ تقریب میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے مہمان خصوصی کےطور پر شرکت کی۔

سحرنیوز/پاکستان: ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے اہتمام سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سینتالیسویں سالگرہ میں صدر پاکستان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے ایران کے سفیر ، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ صدر پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر تاکید کی اور خطےمیں کشیدگی کم کرنےکی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران پر عائد کی جانے والی ہر طرح کی پابندیوں اور خطے میں ہر طرح کے جارحانہ اقدامات کا مخالف ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ہر طرح کے فوجی اقدامات، ایران میں بدامنی اور اپنے اس ہمسایہ ملک پر پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور وہ پائیدار امن کے قیام کے لئے سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ اسلام آباد میں تعینات دوسرے ممالک کے سفیروں، سفارتکاروں، پاکستان کے اعلی فوجی اور سول حکام، سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور علماء نے پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو اسلامی انقلاب کی کامیابی اورایران کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔
کوئٹہ اور کراچی میں بھی واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانوں میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سینتالیسویں سالگرہ کا جشن منایا گیا۔ ان تقریبات میں پاکستان کے حکومتی عہدیداروں، سیاسی جماعتوں کےسربراہوں اور مذہبی شخصیات شریک ہوئيں۔ کراچی میں واقع ایرانی قونصلیٹ میں انقلاب اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ عالمی چیلنجز اور خطے میں موجود مشکلات کے باوجود جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات، افہام و تفہیم اور سفارتی راستے ہی مسائل کا حل فراہم کرتے ہیں۔کامران ٹیسوری نے ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بینکاری چینلز کو فعال کرنے اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کے بعد ایران نے جو استقامت اور ترقی کی راہیں اختیار کیں وہ دیگر ممالک کے لیے مثال ہیں۔
کوئٹہ میں منعقد ہونےوالی تقریب میں پاکستان کے صوبۂ بلوچستان کی اہم شخصیت ولی محمد کاکڑ مہمان خصوصی تھے۔ ولی محمد کاکڑ نے غیر ملکی دباؤ کےمقابلے میں ایرانی نظام اور قوم کی استقامت کےجذبے کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے باہمی تعاون میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ یاد رہے پاکستان کے مختلف شہروں من جملہ لاہور اور کراچی میں ایران سے یکجہتی کے اظہار کے لئے عوامی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

ٹیگس