ہمارے حقوق، عزت اور شرافت کا سودا نہيں کیا جا سکتا؛ ایران کے وزيرخارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے جشن انقلاب کی ریلیوں میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں عوام کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ہمارے حقوق، عزت اور شرافت کا سودا نہيں کیا جا سکتا-
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا پیج ایکس پر لکھا کہ بدھ کے روز دسیوں لاکھ ایرانیوں نے سڑکوں پر نکل کر اس انقلاب کی کامیابی کی سینتالیسویں سالگرہ کا جشن منایا جسے محققین حالیہ صدی کا سب سے بڑا انقلاب کہتے ہيں۔ سید عباس عراقچی نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی کے بعد کے عشروں بالخصوص گذشتہ بارہ مہینوں میں نہایت اہم واقعات رونما ہوئے اور گذشتہ ایک برس کے دوران ہمارے عوام پر ایٹمی ہتھیاروں کی حامل دو حکومتوں نے ایسا حملہ کیا جس کی کوئی مثال نہيں ملتی اور پھر ایک دہشتگردانہ کارروائي انجام دی اس کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران مضبوطی سے کھڑا ہوا ہے ایرانی وزيرخارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ استحکام و پائيداری بیرونی طاقتوں نہیں بلکہ ہمارے عوام کی استقامت کا نتیجہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگلا سال امن و سکون کا سال ہوگا اور مذاکرات جنگ پر غالب آئيں گے۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ سفارتکاری ہماری ترجیح ہے اور پرامن ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں سمجھوتے کا امکان ہے لیکن صرف اسی صورت میں جب وہ منصفانہ اور متوازن ہو اور اس راہ میں ایران ہرقیمت پر اپنے اقتداراعلی کا دفاع کرے گا۔