Jul ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شمالی کوریا کےمیزائل تجربے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دے کر کہا ہے کہ شمالی کوریا کی قیادت مزید اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ  میں امریکہ کے مستقل مندوب نیکی ہیلی نے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد اپنے چینی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا مطالبہ کیا جبکہ اس مسئلے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج بلائے جانے کا بھی امکان ہے۔

شمالی کوریا نے گزشتہ روز پہلی بار بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا،یہ میزائل 8 ہزارکلومیٹر تک مار کر سکتا ہے،جبکہ بڑا ایٹمی وار ہیڈ بھی لے جا سکتا ہے۔

شمالی کوریا کا دعویٰ ہےکہ اس کا یہ میزائل نہ صرف 8000 کلومیٹر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ یہ بڑا ایٹمی وار ہیڈ بھی لے جا سکتا ہے۔

شمالی کوریا نے اس میزائل تجربے کو اہم پیش رفت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سےامریکا سمیت دنیا کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شمالی کوریا سے میزائلی تجربے بند کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ اوراس کے اتحادی ممالک کی جانب سے شمالی کوریا کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ بند نہیں ہوتا اس وقت تک وہ کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لئے اپنی فوجی طاقت و قوت میں اضافہ کرتا رہے گا۔

 

ٹیگس