Jul ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کو امریکہ کا ایک اور انتباہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے بعد امریکہ، شمالی کوریا کو سخت جواب دے گا، تمام ممالک مل کر شمالی کوریا پر دبائو ڈالیں تاکہ اس کے ایٹمی پروگرام کو روکا جاسکے۔

امریکی دھمکیوں کے جواب میں شمالی کوریا کی جانب سے یکے بعد دیگرے میزائلی تجربات نے جہاں امریکی صدر کو یہ سوچنے پر مجبورکر دیا ہے کہ اب اس کی دھمکیوں کا کچھ ہونے والا نہیں اس لئے اب امریکہ نے اپنے اتحادیوں سے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا راستہ روکنے کے لئے اقدام کیا جائے۔

اپنے پولش ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا ایک خطرہ ہے جس سے سختی سے نمٹنا ہوگا، روسی خطرات سے نمٹنے کے لیے پولینڈ کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں، نیٹو کے رکن ممالک اپنی مالیاتی ذمہ داریاں نبھائیں ۔

 اس سے قبل اقوام متحدہ کے لیے امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل تجربات کو روکنے کے لیے امریکہ عسکری طاقت استعمال کرنے کو تیار ہے جبکہ جرمن چانسلر اور جنوبی کوریائی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا نیا تجربہ کرنے پر پیونگ یانگ کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جانی چاہیے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس اختلافات کا شکار ہوگیا، امریکہ شمالی کوریا کے خلاف مزید اقتصادی پابندیوں کا حامی ہے جبکہ روس نے مخالفت کر دی جس کا کہنا ہے کہ یہ مسئلے کا حل نہیں جبکہ چینی صدر نے اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب مون جے اِن سے کہا کہ بیجنگ حکومت جزیرہ نما کوریا کو غیر جوہری علاقہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ٹیگس