Jul ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • روس کی نظر میں یورپی یونین ناقابل اعتماد

روس کے وزیر خارجہ نے ماسکو کے خلاف مغرب اور خاص طور سے یورپی یونین کی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس ان پابندیوں کا جواب دینے پر مجبور ہے جبکہ ماسکو اپنے ناقابل اعتماد شرکا سے وابستگی سے چھٹکارہ پانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ روس پابندیاں عائد کرنے والے اور قومی مفادات کو داؤ پر لگانے والے ملکوں سے مذاکرات نہیں کرے گا اور وہ ان پابندیوں کا جواب دینے پر مجبور ہے جبکہ ماسکو اپنے ناقابل اعتماد شرکا سے وابستگی سے چھٹکارہ پانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ غیرمنصفانہ سیاسی و اقتصادی رقابت اور بائیکاٹ کی پالیسیوں سے عالمی استحکام پر منفی اثرات مرّتب ہو رہے ہیں۔
روس کی وزارت خارجہ نے بھی چند روز قبل ایک بیان میں ماسکو کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کو اس یونین کی کمزوری کی علامت اور قومی مفادات کو نظرانداز کئے جانے کے مترادف قرار دیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ یورپی یونین کے اس اقدام نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ایک آزاد بین الاقوامی فریق کی حیثیت سے یورپی یونین پر ہرگز کوئی اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔