امریکا، افغان جنگ کا شکست خوردہ
پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا ویت نام کی جنگ ہارچکا ہے اور امریکا کی یہی پالیسی جاری رہی تو افغان جنگ بھی ہار جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو یہ جنگ جیت رہا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکا ویت نام جنگ ہارچکا ہے اور امریکا کی یہی پالیسی جاری رہی تو افغان جنگ بھی ہار جائے گا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور ان کے اتحادیوں سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ سے دہشت گرد حملوں اور اموات میں کمی آئی ہے جبکہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا، دہشت گردانہ کارروائیاں روکنے کیلیے مغربی سرحد پر ہماری 2 لاکھ سے زائد فوج تعینات ہیں، دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں ، ہم مغربی سرحد کو دہشت گردوں سے محفوظ بنانے کیلیے موثر اقدامات کررہے ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان گزشتہ کئی دہائیوں سے عدم استحکام کا شکار ہے، افغانستان میں داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہیں قائم ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں امریکا اور اتحادیوں کی موجودگی کے باوجود منشیات کی پیداوار اور دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا۔