دہشت گردوں کا سرغنہ عمرخالد خراسانی ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i301673-دہشت_گردوں_کا_سرغنہ_عمرخالد_خراسانی_ہلاک
کالعدم دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے سرغنہ عمر خالد خراسانی کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۴:۵۱ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کا سرغنہ عمرخالد خراسانی ہلاک

کالعدم دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے سرغنہ عمر خالد خراسانی کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے انحراف کے بعد قائم ہونے والی دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے ترجمان اسد منصور نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ تنظیم کے سرغنہ عمر خالد خراسانی حالیہ دنوں میں افغانستان میں ہونے والے ڈرون حملوں میں شدید زخمی ہوا تھا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

قبل ازیں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ پیر کے روز افغان صوبے پکتیا میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں عمر خالد خراسانی بھی ہلاک یا زخمی ہوا تاہم اب جماعت الاحرار کی جانب سے اس دہشت گرد کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ اسد منصور کا کہنا تھا کہ جلد ہی تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کرنے کے لیے مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا۔

عمر خالد خراسانی کا تعلق بنیادی طور پر مہمند ایجنسی سے تھا جو 2014 میں کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر حکیم اللہ محسود کی موت کے بعد تنظیم سے علیحدہ ہوگیا تھا اور جماعت الاحرار کے نام سے نئی دہشت گرد تنظیم قائم کرلی تھی۔ حالیہ برسوں میں پاکستان میں ہونے والے متعدد خودکش دھماکوں کی ذمہ داری جماعت الاحرار کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے جبکہ یہ تنظیم مبینہ طور پر داعش کے ساتھ بھی تعاون کررہی ہے۔