یورپی یونین اور روس ایٹمی معاہدے کے حامی
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک بار پھر ایٹمی معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
روم میں جاری انٹرنیشنل میڈیٹیرین ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی میں معاہدے میں نہ تو کوئی تبدیلی کی جا سکتی ہے اور نہ ہی دوبارہ مذاکرات کی کوئی گنجائش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دو طرفہ نہیں، کثیر فریقی معاہدہ ہے اور یورپی یونین کو امید ہے کہ امریکہ بھی جامع ایٹمی معاہدے کا احترام اور اس پر عملدرآمد کرے گا۔
قبل ازیں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی انٹرنیشنل میڈیٹیرین ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی مانع تراشی کے مقابلے میں جامع ایٹمی معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ایٹمی معاہدہ پوری قوت کے ساتھ باقی ہے اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی ایران کی جانب سے معاہدے کی پابندی کیے جانے کی بار بار تصدیق کر چکی ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے واشنگٹن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے سے امریکہ کا نکلنا اس معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا۔