سعودی ولیعہد کو دورہ اسرائیل کی دعوت
اسرائیلی وزیر برائے انٹیلی جنس یسرائیل کاٹز نے سعودی عرب کے امریکہ نواز ولیعہد محمد بن سلمان کو دورہ اسرائیل کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن عمل میں سعودی عرب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی وزیر برائے ٹرانسپورٹیشن اور انٹیلی جنس یسرائیل کاٹز نے عرب نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ تنازعات کے حل کے لئے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دیتے ہیں اور جواب میں سعودی شاہ سلمان اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو سرکاری طور پر ریاض کے دورے کی دعوت دیں۔
عرب ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی مسئلہ فلسطین کے بارے میں در پردہ سازش روزبروز نمایاں ہو رہی ہے۔ سعودی عرب کے ولیعہد نے فلسطینی صدر محمود عباس سے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ بیت المقدس اور فلسطینی مہاجرین کے مسئلہ کو فراموش کردیں۔
سعودی عرب کے شاہ اور ولیعہد نے استنبول میں بیت المقدس کے بارے میں ہونے والے او آئی سی سربراہ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ اور سعودی عرب کے امریکہ سے تعلقات اور روابط اور اسلامی ممالک میں اختلافات ڈالنے کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔