پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا، امریکی دھمکی
امریکی نائب صدر نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کی شراکت داری سے بہت کچھ حاصل ہوگا۔
امریکی نائب صدر مائیک پینس نے افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کیں۔ ہونے والی ملاقاتوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے دن ختم ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے بہت کچھ کھودے گا۔
افغان رہنماوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا کو درپیش خطرے کے خاتمے تک امریکی فورسز افغانستان میں رہیں گی۔
مائیک پینس گزشتہ رات افغانستان کے غیر اعلانیہ دورہ پر بگرام ایئربیس پہنچے، جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر کابل گئے اور صدارتی محل میں افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے وقتاً فوقتاً پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔