ایٹمی معاہدے کا کوئی متبادل نہیں، یورپی یونین
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ عالمی برادری ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کی حمایت کرتی ہے اور اس معاہدے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوشش بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پچھلے تین برس سے ایٹمی معاہدے کی پابندی کر رہا ہے اور آئی اے ای اے کی گیارہ رپورٹوں میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے یورپی یونین کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے اور ہم بدستور خود کو اس معاہدے کا پابند سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کر کے پوری عالمی برادری کی ساکھ کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔