ٹرمپ کی دھمکی بےکار، چین اور ترکی ایران کے ساتھ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i332858-ٹرمپ_کی_دھمکی_بےکار_چین_اور_ترکی_ایران_کے_ساتھ
یورپی یونین کے بعد چین اور ترکی نے بھی ایران پر امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۵:۳۹ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی دھمکی بےکار، چین اور ترکی ایران کے ساتھ

یورپی یونین کے بعد چین اور ترکی نے بھی ایران پر امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے۔

امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق امریکہ چین کو ایران پر پابندیوں سے متعلق قائل کرنے میں ناکام  رہا ہے اور چین نے ایران سے تیل کی درآمد ترک کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

قبل ازیں ترکی بھی ایران پر امریکی پابندیوں کی مخالفت کرچکا ہے۔

ترکی کے وزیرِ خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں پرعمل نہیں کرے گا۔

چاوش اوغلو کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ایک امریکی وفد نے ترکی کا دورہ کیا جس کے  دوران ترکی نے امریکہ  پر یہ بات واضح کی کہ ایران پر پابندیاں درست نہیں اور ترکی ان پابندیوں کا حصہ نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ایران سے تیل درآمد کرتا ہے اور یہ کاروبار عالمی منڈی کے طے شدہ اصولوں پر ہوتا ہے جو غلط نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے امریکہ کے ساتھ تجارت نہیں کرسکیں گے۔

امریکی صدر نے یہ تنبیہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں کی ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ایران پر اس سے پہلے اتنی سخت پابندیاں کبھی نہیں لگائی گئیں اور نومبر میں یہ پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی۔

امریکہ نے ایران پر یک طرفہ اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا پابندیوں کا پہلا مرحلہ پیر کی رات سے نافذ ہو گیا ہے۔