اسکاٹ لینڈ اور ویلز نے بھی بریگزٹ بل مسترد کر دیا
Mar ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی مقامی پارلیمانوں نے بریگزٹ معاہدے پر عمل درآمد کی مخالفت کر دی۔
یورپ آن لائن کے مطابق اسکاٹ لینڈ اور ویلزکی پارلیمانوں میں بریگزٹ معاہدے پرعملدرآمد کے لیے کرائے جانے والی رائے شماری میں اکثریت نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔
اسکاٹ لینڈ کی پارلیمان میں انتیس کے مقابلے میں ستاسی ارکان نے مخالفت کی اور بریگزٹ پر عملدرآمد روکنے کا مطالبہ کیا۔
ویلز کی پارلیمان میں رائے شماری میں سینتیس ارکان نے مخالفت کی جبکہ تیرہ نے اس کے حق میں ووٹ دیئے۔
لندن اور برسلز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت رواں سال مارچ کے آخر تک یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل مکمل ہو جانا چاہیے۔
برطانوی دارالعوام پہلے ہی بریگزٹ معاہدے کو مسترد کر چکی ہے۔