جاپانی وزیر اعظم کے دورہ ایران کا باضابطہ اعلان
جاپانی حکومت نے وزیر اعظم ابے شنزو کے دورہ ایران کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق جاپانی وزیراعظم ابے شنزو بارہ سے چودہ جون تک ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
گزشتہ چار دہائیوں میں کسی بھی جاپانی وزیراعظم کا یہ ایران کا پہلا دورہ ہوگا۔
جاپان کے وزیراعظم ابے شنزو نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے دونوں ملکوں کو مذاکرات کی طرف راغب کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
جاپان کے وزیر خارجہ تاروکونو نے بھی کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے دوست کی حیثیت سے ان کا ملک، تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہ وزیر اعظم ابے شنزو کے دورہ ایران کے موقع پر ٹوکیو اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر اعظم ابے شنزو اپنے دورہ ایران کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔