Dec ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کا شیخ علی سلمان کی حمایت میں مظاہرہ

بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کی گرفتاری کی آٹھویں برسی پر بحرینی عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے دارالحکومت منامہ میں وسیع پیمانے پر مظاہرہ کر کے بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کی گرفتاری و قید کی آٹھویں برسی پر ان سے ایک بار پھر اپنی یکجہتی کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق منامہ کے مغربی علاقے میں کئے جانے والے اس مظاہرے کے شرکا نے فلسطینی امنگوں کی حمایت کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ بحرین کے تعلقات معمول پر لائے جانے پر اپنی مخالفت کا بھی اظہار کیا ۔ بحرینی عوام نے پرجوش انداز میں کہا ہے کہ وہ بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

بحرینی عوام نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے شروع کیا ہے ایسے مطالبات کے ساتھ جن میں ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کی ضرورت شامل ہے تاہم عجیب بات تو یہ ہے کہ بحرین کی آل خلفیہ حکومت نے اپنے ملک کے عوام کے مطالبات کے جواب میں ان کی سرکوبی کے لئے سعودی عرب سے مدد کی درخواست کی اور آل سعود حکومت نے بھی لشکر کشی کرتے ہوئے بحرینی عوام کی سرکوبی کا عمل شروع کر دیا اور عالمی برادری نے بھی بحرین کے خلاف سعودی عرب کے اقدام پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔

بحرین میں جاری بحران کے نتیجے میں دسیوں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ انسانی حقوق کے گروہوں نے بارہا بحرینی عوام کی سرکوبی کی مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے اقدامات کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ٹیگس