Jun ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا کا شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن پر بڑا الزام

جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نیند کی خرابی اور ممکنہ طور پر شراب اور نکوٹین کی عادت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

سحر نیوز/دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی حکمران جماعت پیپلز پاور پارٹی کے رکن یو سانگ نے نیشنل انٹیلیجنس سروس کی بریفنگ کی تفصیلات میڈیا سے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے حکام نیند کی خرابی کی بیماری کے شکار اعلیٰ عہدے داروں کے لیے بیرون ملک طبی معلومات اکٹھا کر رہے ہیں جن میں اس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں کئی برانڈز کی بڑی تعداد میں غیرملکی سگریٹس اور شراب کے ساتھ پیش کیے جانے والے اعلیٰ قسم کے اسنیکس درآمد کیے ہیں۔

انہوں نے کم جونگ اُن کی تصویروں کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے حاصل ہونے والے تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ کا وزن بھی بڑھ گیا ہے اور میرے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کا وزن 140 کلو گرام سے زیادہ ہے۔

امریکی میڈیا نے بھی جنوبی کوریا کے اس عہدےدار کے بیان کے تناظر میں دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ شراب اور تمباکو نوشی کے عادی ہوچکے ہیں جس سے نیند کی خرابی کی بیماری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، وہ 16 مئی کو آنکھوں کے گرد واضح سیاہ حلقوں کے ساتھ تھکے ہوئے نظر آئے اور وہ علاج کے لیے دوائیں بھی استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے میزائلوں کے تجربے اور فضا میں سٹیلائٹ بھیجنے سے امریکی اور جنوبی کوریا کے حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے اور اسی وجہ سے وہ شمالی کوریا کے رہنما کے خلاف اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں۔

ٹیگس