رہبر انقلاب اسلامی سے رضاکار فورس بسیج کے ڈھائی ہزار کمانڈروں کی ملاقات
رہبر انقلاب اسلامی نے عوامی رضاکار فورس بسیج کی صحیح تعریف پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ بسیج عوام کے اندر سے سامنے آنے والا اور عوام کا نمائندہ ادارہ ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے رضاکار فورس بسیج کے ڈھائی ہزار کمانڈروں سے ملاقات میں اس ادارے کو با برکت اور بالیدگی کی منزلیں طے کرنے والا، ملت ایران کا نمائندہ قرار دیا اور ملت ایران سے استکباری طاقتوں کی دشمنی کے طریقوں کی وضاحت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ ملت ایران استکبار کے ساتھ حقیقی جنگ میں اپنی خود مختاری اور تشخص کی حفاظت کے لئے سرگرم محاذ بالخصوص مظلومین اور فلسطین کی شجاع ملت اور غرب اردن کی تحریک انتفاضہ کی حمایت کے اپنے فریضے پر عمل کرے گی۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پانچ آذر مطابق چھبیس نومبر کے دن یعنی رضاکار فورس بسیج کی تشکیل کے فرمان جاری ہونے کے دن کی مبارک باد دیتے ہوئے اس فرمان کو امام خمینی رح کا ہنر اور ایک بابرکت و تخلیقی حقیقت سے تعبیر کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض ملکوں میں ظلم و جبر کے خلاف مزاحمتی گروہوں کی تشکیل کا ماضی رہا ہے، لیکن اس کے بعد مزاحمتی گروہ اس تحریک کی کامیابی کے بعد بھی باقی رہیں، بالیدگی کی مزید منزلیں طے کریں اور تعداد اور معیار کے لحاظ سے ان میں توسیع پیدا ہو یہ بات صرف رضاکار فورس بسیج سے مخصوص ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عوامی رضاکار فورس بسیج کی صحیح تعریف پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ بسیج عوام کے اندر سے سامنے آنے والا اور عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور بسیجی عوام الناس کا ہی حصہ ہوتے ہیں جو عظیم الہی اہداف کے لئے اور انتھک جذبے سے سرشار، ہر اس میدان میں جہاں ان کی ضرورت پڑے، حاضر ہوجاتے ہیں اور اپنی استعداد کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس راستے میں سامنے آنے والے خطرات سے بھی ڈر و خوف نہیں کھاتے۔