ٹرمپ کے الزامات بے بنیاد، ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن ہے: ایران
ایران نے امریکی صدر کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کا ایٹمی پروگرام مکمل پرامن ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق ان کے الزامات پرانے اور بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پر لکھا کہ ٹرمپ کے دعوے کو بعض امریکی ماہرین نے بھی جھوٹا قرار دیا تھا۔
بقائی نے کہا کہ ٹرمپ ان بے بنیاد دعوؤں کو دوبارہ زندہ کر کے دراصل واشنگٹن کے ایران کے پرامن ایٹمی مراکز پر غیر قانونی حملوں اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ مارچ 2025 میں امریکی انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر نے کانگریس میں یہ واضح کیا تھا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا۔ ٹرمپ اس واضح امریکی انٹیلیجنس رپورٹ کو نظرانداز کررہے ہیں، جو ان کے دعوؤں کی سیاسی نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس کی ایٹمی سرگرمیاں مکمل طور پر پرامن اور سول مقاصد کے لیے ہیں۔ مزید برآں، رہبر انقلاب اسلامی کا فتوی موجود ہے جو کسی بھی قسم کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال کو حرام قرار دیتا ہے۔