عوام، حکام اور افواج کے مثالی اتحاد پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ بارہ روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کی پوری طاقت اور اقتدار کے ساتھ استقامت نے پوری دنیا کے سامنے ایران کی عظمت وشوکت کو دوبالا کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرزند رسول امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ عوام حکام اور مسلح افواج کا غیر متزلزل اور فولادی اتحاد بدستور قائم رہنا چاہئے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فلسفہ عاشورا اور امام حسین علیہ السلام کی تحریک کو امام رضا علیہ السلام کے خراسان کی جانب سفر کی اہم ترین برکات میں سے قرار دیا اور موجودہ دور کے حالات کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کےدشمنوں کوایرانی عوام حکام اور مسلح افواج کی استقامت اور اتحاد اور جوابی حملوں سے ہونے والی شکست سے یہ بات سمجھ میں آگئی ہے کہ ایران اور اسلامی جمہوری نظام کو جنگ مسلط کرکے کمزور نہیں کیا جاسکتا اسی لئے وہ ملک کے اندر اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہيں بنابریں ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کو اور مستحکم بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ایرانی عوام کو جھکانے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے پر مبنی امریکی حکام کے بیانات اور اقدامات کو ایرانی قوم کی توہین قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام اس طرح کی بیہودہ اور گھناؤنی توقعات اور مطالبات سے سخت برہم ہیں اور اس طرح کے غلط مطالبات کے مقابلے میں پوری طاقت اور قوت کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے حالیہ مسلط کردہ جنگ کی اصل وجہ دشمن کے اسی خباثت آمیز توقع اور مقصد کو قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں نے صیہونی حکومت کو اکسایا اور اس کی مدد کی تاکہ اپنے زعم ناقص میں اسلامی جمہوریہ کا خاتمہ کردیں کیونکہ وہ یہ نہيں سمجھ رہے تھےر کہ ایرانی عوام اس طرح سے ان کے مقابلے میں ڈٹ جائيں گے اور دشمن کے منہ پر اتنا زور دار طمانچہ رسید کریں گے وہ پشیمان ہوجائيں گے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی توانائیوں کو طاقت کے توازن کو درہم برہم کرنے والی قوت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ پوری ایرانی قوم مسلح افواج کے عظیم کارناموں پر شکریہ ادا کرتی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ پینتالیس برسوں کے دوران روز بروز طاقتور ہواہے اور دشمن بھی اس بات کو اچھی طرح سمجھ چکا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے صیہونی حکومت کو دنیا کی سب سے زیادہ نفرت زدہ حکومت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ آج حتی مغربی حکومتیں بھی جن میں برطانیہ و فرانس بھی شامل ہیں جو ہمیشہ صیہونی حکومت کی حمایت کرتی رہی ہیں صیہونی حکومت کی مذمت کررہی ہیں البتہ یہ مذمتیں محض زبانی ہیں جن کا کوئی فائدہ نہيں ہے بلکہ یمن کے شجاع عوام کی طرح صیہونی حکومت کے راستوں کو بند کرنے کی ضرورت ہے۔