Aug ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • جنرل موسوی: ایران دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے اور دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پر امن قائم کرنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے ایران کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران:  اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے منگل 26 اگست 2025 کو پاکستانی فوج  کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔

 انھوں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں، سیلاب سے پاکستان میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ایران کی مسلح افواج اپنے پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لئے آمادہ ہیں۔

 جنرل موسوی نے کہا کہ اس وقت ایران اور پاکستان کے روابط اعلی ترین سطح پر ہیں اور انہیں برادرانہ روابط سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔  

 اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور پاکستان کی سرحدوں پر سیکورٹی کی تقویت پر زور دیا اور کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے اور مشترکہ سرحدوں پر امن قائم کرنے میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔  

 جنرل موسوی نے 12 روزہ مقدس دفاع کے دوران پاکستان کے موقف اور حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ دو طرفہ تعاون کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف عملی قدم اٹھائے جائيں گے۔

  اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف نے  اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران کے صوبہ سیستان وبلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ۔

 فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ  سرحدوں کی سیکورٹی کے بارے میں ہم آپ کے نظریئے سے اتفاق کرتے ہیں اور پاکستان و ایران کی سرحدوں کو دوستی، برادری اور اقتصادی ترقی کی سرحدوں میں تبدیل کرنے کی  ضرورت ہے اور باہمی تعاون سے ہم یہ کام ضرور کریں گے۔  

ٹیگس