Aug ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان شنگھائی سربراہی اجلاس  میں شرکت کریں گے

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پہلی ستمبرکو منعقد ہورہا ہے جس میں صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان بھی شرکت کریں گے

سحرنیوز/ایران:  ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج منگل 26 اگست کو تہران میں پریس کانفرنس کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی شرکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ شنگھائی تنظیم کا سربراہی اجلاس پہلی ستمبر کو ہورہا ہے اور پروگرام کے مطابق صدر ایران اس میں شرکت کریں گے۔

 انھوں نے بتایا کہ صدر ایران کے اس سفر کی تفصیلات ایوان صدر کی جانب سے وقت آنے پر جاری کی جائیں گی۔

 اسماعیل  بقائی نے کہا کہ اس سلسلے میں جو اہم بات بتانے کی ہے وہ یہ ہے کہ گزشتہ ایک برس میں یہ صدر ایران کا پہلا دورہ چین ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ سربراہی اجلاس بہت اہم ہے اور اس میں اسلامی جمہوریہ ایران سمیت تنظیم کے  10 اصلی رکن ممالک کے علاوہ 20 دیگر ممالک بھی شرکت کریں گے جو شنگھائی پلس کے رکن ہیں۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اس سربراہی اجلاس میں،بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور ان کے اعلی عہدیداران بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔  

 انھوں نے کہا کہ  اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ،یہ اجلاس میزبان ملک یعنی چین کے ساتھ دو طرفہ روابط کی تقویت کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی دیگر ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لئے بہترین موقع ہے۔

ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں  اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے روابط بہت اچھے اور محکم ہیں اور اس اجلاس کے موقع پر چین کے اعلی حکام کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں میں باہمی روابط کے مزید فروغ اور استحکام کا جائزہ لیا جائے گا۔

ٹیگس