Mar ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • ایکو کے ایوان صنعت و تجارت کی جنرل اسمبلی کا اجلاس

اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او کے ایوان صنعت و تجارت کی جنرل اسمبلی کا سولہواں اجلاس رکن ملکوں کے ایوانہائے صنعت و تجارت کے سربراہوں اور سفیروں کی شرکت سے تہران میں منعقد ہوا۔

ایران کے ایوان صنعت و تجارت و قدرتی ذخائر و زراعت کے سربراہ غلام حسین شافعی نے اس اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او کے رکن کے ملکوں کے پاس بے شمار قدرتی ذخائر اور معدنیات موجود ہیں اس کے باوجود ان کے درمیان مناسب تجارت نہیں ہو پا رہی ہے-

انہوں نے کہا کہ دو ہزار سترہ میں ای سی او کے رکن ملکوں نے دنیا کے ساتھ چار سو نوے ارب ڈالر کی تجارت کی جس میں خود رکن ملکوں کے درمیان تجارت کا حصہ صرف انیس ارب ڈالر رہا-

ایران کے ایوان صنعت و تجارت و زراعت کے سربراہ غلام حسین شافعی نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان ترجیحی تجارت کا سمجھوتہ نہ ہونا، ویزے کی سہولیات کا فقدان اور ای سی او کے تجارتی ترقیاتی بینک سے استفادہ نہ کیا جانا وہ جملہ وجوہات ہیں کہ جن کی وجہ سے ایکو کے رکن ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم کافی کم ہے-

ایران، ترکی، پاکستان، ترکمنستان، قرقیزستان، ازبکستان، قزاقستان، تاجیکستان اور جمہوریہ آذربائیجان ایکو کے دس رکن ممالک ہیں۔