Oct ۲۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • چابہار بندرگاہ  کے بارے میں ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

ایران، ہندوستان اور افغانستان نے جنوب مشرقی ایران میں واقع چابہار بندرگاہ کی توسیع کے بارے میں تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔

تہران میں تعاون کے اس سمجھوتے پر ایران کے جہاز رانی اور بندرگاہوں کے امور کے سربراہ محمد راستاد، ہندوستان کے نائـب وزیر خارجہ تیرو مورتی اور افغانستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے دفتری و مالی امور کے سیکرٹری امام الدین ویریمچ نے دستخط کئے۔
ایران کے محکمہ جہاز رانی اور بندرگاہوں سربراہ محمد راستاد نے اس تقریب کے موقع پر گذشتہ مہینوں کے دوران چابہار کے راستے افغانستان کے لئے ہندوستان کی جانب سے گندم کی برآمدات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں ہندوستان کی کمپنی چابہار بندرگاہ سے عبوری طور پر استفادہ شروع کردے گی۔
اس موقع پر ہندوستان کے نائـب وزیر خارجہ تیرو مورتی نے بھی کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ وسطی ایشیا سے ہندوستان کے اتصال کی راہ میں واقع ہے اور ہندوستان اس بندرگاہ کو ٹرانزٹ کی سرگرمیوں کے ایک مرکز میں تبدیل کردے گا۔
افغانستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے دفتری و مالی امور کے سیکرٹری امام الدین ویریمچ نے بھی کہا کہ چابہار بندرگاہ کی سرگرمیوں میں بہتری ان کے ملک کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان نقل و حمل سے متعلق ٹرانزٹ کے سمجھوتے پر دو سال قبل تہران میں ایران کے صدر، ہندوستان کے وزیر اعطم اور افغانستان کے صدر کی موجودگی میں دستخط ہوئے تھے۔