Apr ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل بے لگام: مظلوم فلسطینیوں کو زندہ در گورکرنے کا عمل، انسانیت شرمسار

غاصب صیہونی فوجیوں نے غزہ میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور عالمی ادارے بدستور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے سرکاری اداروں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے ناصر اسپتال کے مریضوں اور پناہ گزينوں کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور ان کے اعضاء بدن کو چرا لئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی مجرموں نے بہت سے فلسطینی شہریوں کو زندہ در گور کردیا ہے ۔

گذشتہ کئی دنوں سے ناصر اسپتال میں موجود اجتماعی قبروں کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہيں۔غزہ پٹی کے شہری دفاع کے ادارے نے اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں اجتماعی قبریں کھودنے اور فلسطینی شہریوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے اس میں دفن کرنے سے متعلق جرائم کی تحقیقات کے لئے بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اجتماعی قبروں سے ملنے والے جنازوں پر تشدد کے نشانات دیکھے گئے ہيں اور ثبوت و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کو نہایت وحشیانہ طریقے سے تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کیا ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجتماعی قبروں سے ملنے والے بہت سے جنازے بجوں کے ہيں ۔ اس رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کے خان یونس شہر کے ناصر اسپتال کی اجتماعی قبروں سے اب تک تین سو ترانوے لاشیں نکالی جا چکی ہيں جن میں اٹھاون فیصد شناخت کے قابل نہيں ہیں۔

ٹیگس