Jun ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ تجارت کے لئے ہندوستانی تاجروں کا نئی دہلی حکومت سے مطالبہ

ہندوستان میں چاول اور سویا برآمد کرنے والے تاجروں نے نئی دہلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارت کے سلسلے میں فوری طور پر اقدامات عمل میں لائے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی شیو شکتی برآمداتی کمپنی کے مالک، امن گپتا نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی ایران کو برآمدات کا سلسلہ جاری رکھنے میں تشویش میں مبتلا ہے اس لئے کہ ایران میں درامدات کرنے والے تاجروں کے ساتھ نئے سمجھوتے کا ماحول سازگار نہیں ہے۔

برآمدات کرنے والے ایک اور ہندوستانی تاجر رویش جین کا بھی کہنا ہے کہ پہلے ایران کو ہر ماہ سو ٹن سویا برآمد کیا جاتا تھا مگر رقم کی منتقلی کے سلسلے میں پائی جانے والی رکاوٹوں کی بنا پر برآمدات کا عمل متاثر ہو گیا ہے۔

ہندوستان ہر سال دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ ایران، سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور برطانیہ کو چالیس لاکھ ٹن سے زائد باسمتی چاول برآمد کرتا ہے۔

ہندوستان کا بیس سے پچّیس فیصد باسمتی چاول ایران درآمد کیا جاتا ہے۔