Oct ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لئے ہندوستانی حکومت کا اعلان آمادگی

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لاتے ہوئے سبھی فریقوں سے بات چیت کی آمادگی ظاہرکی ہے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیر میں ہر کسی سے بات چیت کی جائے گی-

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کے لئے انٹیلیجینس بیورو آئی بی کے سابق سربراہ دنیشور شرما کو حکومت کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے-

ہندوستانی وزیر داخلہ نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا حکومتی نمائندے کو حریت رہنماؤں سے بھی مذاکرات کی اجازت ہو گی, کہا کہ حکومتی نمائندے کو جس سے بھی مذاکرات کرنے کی ضرورت محسوس ہو گی وہ اس سے مذاکرات کریں گے اور وہ اس کے لئے پوری طرح آزاد ہیں-

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیشور شرما پر کسی طرح کی کوئی بندش یا پابندی نہیں ہو گی-

انہوں نے کہا کہ وہ ریاست جموں و کشمیر میں سبھی فریقوں سے بات چیت کریں گے -

واضح رہے کہ حریت رہنماؤں سے مذاکرات سے متعلق ہندوستانی وزیر داخلہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ماضی میں ہندوستان کی مرکزی حکومت حریت رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتی رہی ہے-