Jan ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ملین مارچ

ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک گیر ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

جمعے کو حیدرآباد دکن میں شہریت ترمیمی ایکٹ ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ترنگا ریلی نکالی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہر حیدرآباد کی بڑی عیدگاہ میر عالم سے، نماز جمعہ کے بعد، شاستری پورم میدان تک نکالی جانے والی اس ریلی میں مسلمانوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ہندووں نے بھی شرکت کی ۔ اس ریلی میں شریک ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں بتائی گئی ہے۔ ریلی کی قیادت مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کی۔ 
اسی کے ساتھ ہندوستان کے مختلف دیگر شہروں سے بھی شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی خبریں ملی ہیں۔ ادھر ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے شاہین باغ نامی علاقے میں قومی ہائی وے پر خواتین کا احتجاجی دھرنا بھی، سخت سردی کے باوجود بدستور جاری ہے۔