Mar ۰۷, ۲۰۲۶ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکی صہیونی دشمن کے حملوں میں 3090 رہائشی مکانات اور 13 طبی مراکز تباہ: ایرانی حکومتی ترجمان

ایران کی حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ دشمن کے حملوں کے نتیجے میں اب تک 3090 رہائشی مکانات، 528 تجارتی یونٹس اور 13 طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔

سحرنیوز/ایران:  سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق مہاجرانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملے میں تہران کے آزادی اسٹیڈیم کے 12 ہزار نشستوں والے انڈور ہال کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ ہال والی بال، باسکٹ بال، کشتی اور فٹسال جیسے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بعثت اسپورٹس کمپلیکس اور برق کلب کی تنصیبات کو بھی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
ان کے مطابق اسرائیلی حملوں میں تہران کے بلدیاتی ادارے بھی نشانہ بنے ہیں، جن میں علاقہ 12 اور 18 کی میونسپلٹی کی عمارتیں شامل ہیں، جبکہ رہائشی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
حکومتی ترجمان نے بتایا کہ اب تک شہید ہونے والوں میں تقریباً 30 فیصد بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میناب کے شجرہ طیبہ گرلز پرائمری اسکول میں بھی ایک بڑا سانحہ پیش آیا۔
فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود صحت اور علاج کی سہولیات بدستور فراہم کی جا رہی ہیں۔ ویکسینیشن، حاملہ خواتین کی دیکھ بھال، بچوں کی نشوونما کی نگرانی اور دائمی بیماریوں کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سنگین بیماریوں کی ادویات 24 گھنٹے کھلی رہنے والی میڈیکل اسٹورز میں دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد طبی شعبے میں رضاکارانہ خدمات دینا چاہتے ہیں وہ متعلقہ آن لائن نظام کے ذریعے رجسٹریشن کر کے اپنے ہم وطنوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ نظام 12 روزہ جنگ کے دوران بھی فعال تھا۔
حکومتی ترجمان کے مطابق کابینہ اجلاس میں متاثرہ شہریوں کی مدد اور بحالی کے اقدامات کی منظوری دی گئی اور ایرانی عوام کے حوصلے اور مسلح افواج کی دفاعی کارروائیوں کو سراہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ صدر نے اجلاس میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ حسنِ ہمسائیگی اور ان کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا اور کہا کہ ایران نے ہمیشہ سفارت کاری اور علاقائی تعاون کے ذریعے جنگ سے بچنے کی کوشش کی ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس