Feb ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے دورہ ہندوستان پر بائیں بازو کی جماعتوں کا احتجاج

ہندوستان کی مارکسیسٹ کمیونسٹ پارٹی کے رہنما سیتا رام یچوری نے کہا کہ ان کی جماعت امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ ہندوستان کے موقع پر اس دورے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

انڈیا ٹوڈے نیوز چینل کے مطابق سی پی آئی ایم کے رہنما سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ بائیں بازو کی جماعت سی پی آئی ایم کے حامی امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ ہندوستان کے موقع پر دہلی اور گجرات سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اپنی مصنوعات کو ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ برآمد کرنے کے لئے ہندوستان پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ سیتا یچوری نے کہا کہ امریکی حکومت نے نریندرمودی کے سامنے شرط رکھی ہے کہ اگر وہ امریکی مصنوعات کو ہندوستانی منڈیوں میں آنے کی اجازت دیں گے تو واشنگٹن بھی سی اے اے اور دفعہ تین سو ستر جیسے معاملے پر ان کی حمایت کرے گا - سی پی آئی ایم کے رہنما نے کہا کہ ہندوستان امریکا سے اربوں ڈالر کے ہتھیار خریدنا چاہتا ہے جو امریکی معیشت کے لئے تو منافع بخش ہے لیکن ہندوستانی معیشت کو کافی نقصان پہنچائے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ چوبیس فروری کودو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچیں گے اور اس کے بعد وہ احمدآباد بھی جائیں گے۔