Jun ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • امریکہ پر ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی تنقید

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سیؤل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صرف سیاسی بیانات سے اپنے حریفوں کو ایران کے میدان سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایران کو طیاروں کی فروخت سے یہ بات واضح ہے کہ وہ خود باقی رہ کر صرف دیگر ملکوں کو میدان سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے اسی طرح کوریا کے بڑے بڑے تاجروں اور کمپنی مالکوں کے ساتھ ایک نشست میں تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کی منڈی سرمایہ کاری کے لئے بہترین گنجائش و توانائی کی حامل ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمعرات کے روز جنوبی کوریا کے اپنے دورے کے آخری روز، نامہ نگاروں سے گفتگو میں پابندیوں سے متعلق امریکی دھمکی کو سیاسی باتوں کی تکرار قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ امریکی حکام تجارت کے شعبے میں صرف بالادستی چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر لاریجانی نے اسی طرح امریکیوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ، ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے کہ جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے منظوری دی ہے اور اس سمجھوتے کو نقصان پہنچانے سے خود امریکہ کو بھی ہرگز کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

انھوں نے کہا کہ آمریت کا دور ختم ہو چکا ہےاور مختلف ممالک آزاد رہنا چاہتے ہیں اور امریکہ کو چاہئے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرے اور منطق سے ہٹنا اس کے حق میں اچھا نہیں ہو گا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب کو دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرنا چاہئے اور یہ بات مکمل واضح ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کو، کہ جس کے پاس اس وقت تیس ارب ڈالر کے ہتھیار موجود ہیں، کہاں سے رقم فراہم ہوئی ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کی جانب سے عراق و شام کی قانونی حکومتوں کی ایسی حالت میں مدد کی گئی ہے کہ بعض ممالک داعش دہشت گرد گروہ کی بھرپور مدد و حمایت کر رہے ہیں۔

ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے سیؤل میں بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکوں کے ساتھ ایک نشست میں بھی کہا کہ تیل، گیس، سڑکیں بنانے، نقل و حمل، ماحولیات، صاف و شفاف توانائی، پیٹروکیمیکل اور مختلف صنعتیں خاص طور سے کاریں بنانے کی صنعت، ایران میں بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق بہترین شعبے ہیں۔

انھوں نے اقتصادی حریفوں کو میدان سے دور رکھنے کے لئے امریکیوں کے سیاسی پروپیگنڈے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ صرف سیاسی باتیں کرتا ہے ورنہ عمل میں اس نے خود ایران کو سو بوئینگ طیارے فروخت کئے ہیں اور اس سلسلے میں اس نے سارے کام بھی بینکوں کے ذریعے ہی انجام دیئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی، یوریشیا کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لئے پیر کے روز سیؤل کے دورے پر گئے تھے۔ یہ اجلاس منگل کے روز ایک بیان جاری کئے جانے کے ساتھ ختم ہو گیا۔