Dec ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  •  امریکی اقدامات طاقت کی نہیں کمزوری کی علامت ہیں، وزیرخارجہ ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے تہران میں منعقدہ چھے ملکی اسپیکر کانفرنس کے موقع پر کہا ہے کہ امریکیوں نے علاقے کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کے انبار میں تبدیل کردیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکا علاقے کے سلسلے میں ایک انتہائی خطرناک پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے چھے ملکی اسپیکر کانفرنس کے موقع پر کہا کہ امریکی پالیسیوں کی وجہ سے مشرق وسطی کا علاقہ انتہائی تباہ کن اور جدید ترین ہتھیاروں کے انبار اور گودام میں تبدیل ہوگیا ہے جس سے علاقے کی سلامتی اور امن کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں امریکی الزامات کے تعلق سے پوچھےگئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا نے ایران اور یورپ کے تعلقات میں رخنہ اندازی کرنے کی ہرممکن کوشش کی ہے اور یہاں تک کہ امریکا نے ایران اور یورپ کے تعلقات کو خراب کرنے سے کہیں زیادہ علاقے کے مسائل کو الٹ کر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے امریکی اخبارات میں پڑھا ہے کہ امریکی ہتھیار یمن میں القاعدہ اور شام میں داعش کے ہاتھوں میں ہیں اور یہ وہ خطرہ ہے جو مشرق وسطی کو مسلسل لاحق ہے۔
انہوں نے چین کی ایک بڑی کمپنی کےمالیاتی شعبے کی ڈائریکٹر کی امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا چونکہ دنیا میں الگ تھلگ پڑتا جارہا ہے اس لئے وہ خود کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے اس طرح کی حرکتیں کررہا ہے۔
انہوں نے کہ واشنگٹن کا اس طرح کا اقدام بجائے اس کے کہ امریکی طاقت کو ظاہر کرے اس کی بے بسی اور بیچارگی کو ظاہر کرتا ہے۔