Sep ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران ایٹمی معاہدے کی بعض شقوں پر عمل درآمد کو معطل رکھےگا

ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد میں کمی کا جو اعلان کیا ہے وہ اس پر پوری قوت کے ساتھ کاربند ہے

ویانا میں ایرانی مندوب نے آئی اے ای اے پر امریکا اور صیہونی حکومت کے دباؤ کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہر ساٹھ روز کی مہلت ختم ہونے کے بعد ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کی سطح کو بدستور کم کرتا رہے گا - انہوں نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کہا کہ ایران اس طرح کی مہم پسندیوں سے مرعوب یا متاثر نہیں ہوگا اور اس نے ایٹمی معاہدے کے بعض وعدوں پر عمل درآمد کو معطل کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس پر پوری قوت کے ساتھ باقی رہے گا - ایرانی مندوب نے ایران اور آئی اے ای اے کے مابین قریبی تعاون کا ذکرکرتے ہوئے کہا ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعمیری تعاون کو خراب کرنے کی ہر کوشش کا تہران کی جانب سے مناسب جواب دیا جائے گا - انہوں نے ایٹمی معاہدے کے سبھی فریقوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے موجودہ فریقوں سے ہر سطح پر مذاکرات کے لئے تیار ہے اور اگر باقی فریق بھی ایٹمی معاہدے پر عمل کرنا شروع کردیں تو ایران بھی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کرنے کے لئے پہلے والی پوزیشن پر لوٹ آئے گا - ایرانی مندوب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور دیگر ملکوں کے خلاف امریکا کی اقتصادی دہشت گردی بند ہونی چاہئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ امریکا کی اس غلط عادت کو لگام دے جو ڈالر کی طاقت کو دنیا کی خود مختار حکومتوں کے خلاف اسلحے کے طورپر استعمال کرتا ہے -