Oct ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • حماس : معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل در آمد شروع

حماس نے غزہ سمجھوتے کے دوسرے مرحلے کے اقدامات کے آغاز کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کے پولٹ بیورو کے رکن حسام بدران نے بتایا ہے کہ قاہرہ نشست میں ہمارا مقصد شرم الشیخ معاہدے پر عمل درآمد کے اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔

حماس کے پولٹ بیورو کے رکن حسام بدران نے ایک مصری ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں شرم الشیخ سمجھوتے کے بارے میں کہا ہے کہ ہم قاہرہ اس لئے آئے ہیں کہ اس سمجھوتے کی سبھی شقوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیں۔

انھوں نے کہا کہ اس دور کے قاہرہ مذاکرات کا ایک امتیاز یہ ہے کہ اس میں زیادہ فلسطینی گروہ شریک ہیں۔حماس کے پولٹ بیورو کے رکن حسام بدران نے کہا کہ مختلف فلسطینی گروہوں کے ساتھ ہماری جو میٹنگیں ہوئی ہیں، ان میں سبھی نے متفقہ طور پر اس سمجھوتے پر عمل درآمد کو فلسطینی قوم کے فائدے میں قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پابندی کی جارہی ہے لیکن صیہونی حکومت اس کی پابندی نہیں کررہی ہے اور غزہ میں انسان دوستانہ امداد بالخصوص دوائيں نہیں پہنچنے دے رہی ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیونی حکام رفح پاس کھلنے میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ایک صیہونی اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ جنگ بندی معاہدے میں رفح پاس کھولاجانا بھی شامل ہے لیکن صیہونی حکام نے کہا ہے کہ وہ اس گزرگاہ سے غزہ میں انسان دوستانہ امداد نہیں جانے دیں گے۔

اس صیہونی اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ ایک اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ " ہم نے رفح پاس کھولنے کی ممانعت اور بعض چیزوں کے غزہ میں پہنچنے کی روک تھام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حماس اسرائيلی جنگی قیدیوں کے جنازوں کی حوالگی میں تاخیر نہ کرے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکا کے نائب صدر جی ڈی ونس نے جمعرات کو مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اسرائیلی جنگی قیدیوں کی لاشوں کی جستجو میں وقت لگے گا اور اسرائيلیوں کو اس سلسلے میں تحمل سے کام لینا چاہئے۔

 

ٹیگس