ملیشیا میں آسیان کا سربراہی اجلاس، مودی شریک نہیں ہوں گے
ملیشیا میں آسیان کا سربراہی اجلاس ایسی حالت میں شروع ہوا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے خود اس اجلاس میں شرکت سے گریز کیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: ملیشیا میں آسیان کا سربراہی اجلاس ایسی حالت میں شروع ہوا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے خود اس اجلاس میں شرکت سے گریز کیا ہے اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو اپنی جگہ بھیجا ہے۔ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے کوالالمپور نہیں گئے۔نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم مسٹر مودی نے کہا ہے کہ ان کی تمنا تھی کہ کوالا لمپور میں اپنے عزیز دوست انور ابراہیم سے بالمشافہ گفتگو ہوتی لیکن میں اس اجلاس میں آن لائن شرکت کروں گا۔
اگر چہ مسٹر مودی نے کوالا لمپور نہ جانے کی وجہ نہیں بتائی ہے لیکن صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے آسیان اجلاس میں شرکت کے لئے کوالا لمپور نہ جانے کا مطلب یہ ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے نہیں ملنا چاہتے۔
نئی دہلی میں ابلاغیاتی ذرائع نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ آسیان کے کوالالمپور اجلاس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر شرکت کریں گے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ روسی تیل کی خریداری کے مسئلے میں ہندامریکا کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ادھر ملیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں دو روزہ آسیان سربراہی اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں امریکی صدر ٹرمپ بھی موجود ہیں۔