Apr ۲۰, ۲۰۱۷ ۲۱:۰۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں انسانی زنجیر

فلسطینی بچوں نے انسانی زنجیر بنا کر اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق پانچ سو سے زا‏ئد فلسطینی بچوں اور دیگر شہریوں نے فلسطینی قیدیوں کے قومی دن کے موقع پر مغربی کنارے کے شہر نابلس میں انسانی زنجیر بنائی اور بلدیہ کی عمارت کے سامنے سے شہدا اسکوائر کی جانب مارچ کیا۔انسانی زنجیر بنانے والے بچوں نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اور قیدیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ اسرائیل کے نسل پرستانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت میں نعرے لگار ہے تھے۔اس رپورٹ کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ تمام فلسطینی شہروں میں پھیل گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں بند تقریبا ڈیڑھ ہزار فلسطینی قیدیوں نے صیہونی حکام کے نسل پرستانہ رویئے اور ایذا رسانی کے خلاف سترہ اپریل سے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔