Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • قطر میں فوجی اڈے ختم کئے جانے کی درخواست ترکی کے امور میں مداخلت ہے : ترک وزیر دفاع

ترکی کے وزیر دفاع نے قطر میں فوجی اڈے ختم کرنے کی خلیج فارس تعاون کونسل کی درخواست کو ترکی کے امور میں مداخلت قرار دیا ہے۔

ترکی کے وزیر دفاع فیکری ایشیک نے قطر میں ترکی کے فوجی اڈے کے سلسلے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درخواست نادرست اور ترکی کے امور میں مداخلت ہے-

ترکی کے وزیر دفاع نے کہا کہ انقرہ کی کوشش ہے کہ قطر اور علاقے کے عرب ممالک کے درمیان پیدا ہونے والا بحران، مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ان کا ملک قطر میں اپنے فوجی اڈے کو ختم کرنے کی خلیج فارس تعاون کونسل کی درخواست پر نظر ثانی کا ارادہ نہیں رکھتا-

قابل ذکر ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل کی، قطر کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی ایک شرط اس ملک سے ترکی کے فوجی اڈے کا ختم کیا جانا ہے-

سعودی عرب کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور عمان خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک ہیں-

سعودی عرب ، بحرین ، مصر اور بعض دیگر ملکوں نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگا کر ابھی حال ہی میں ریاض کی پیروی کرتے ہوئے قطر کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کر لئے ہیں-